بلوچستان کے ضلع سبی میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصانات اٹھانے کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ فورسز چیک پوسٹ کو کرمووڈھ کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا جہاں مسلح افراد نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
فورسز اہلکاروں اور حملہ آوروں میں دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے تاحال حکام نے کچھ نہیں بتایا ہے۔
کرمووڈھ اور سبی کے دیگر علاقوں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں۔ ماضی میں آئی ای ڈی اور دیگر حملوں میں پاکستانی فورسز اور ان کی حمایت یافتہ افراد کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
ان حملوں میں سبی کے مضافات میں تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کے اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
مذکورہ حملے کی ذمہ داری آخری اطلاعات تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔