حب اٹک سیمنٹ فیکٹری کے قریب زوردار دھماکہ

943

دھماکہ فیکٹری سے متصل ورکشاپ میں ہوا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رات گئے کراچی سے منسلک بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔

دھماکے کی آواز اٹک سیمنٹ فیکٹری کے قریب سنی گئی، ریسکیو ٹیمیں اور سیکورٹی ادارے جائے وقوعہ کی طرف روانہ۔

اطلاعات کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق دھماکہ اٹک سیمنٹ فیکٹری کے ایک ورکشاپ میں ہوا۔ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت وہاں کام جاری تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے بتایا جاتا ہے جو روزگار کے سلسلے میں اٹک سیمنٹ فیکٹری میں کام کررہے تھے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی مذکورہ فیکٹری پر متعدد حملے ہوچکے ہیں جنکی ذمہ داری بلوچ مزاحمتی تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں، تاہم ابتک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

گذشتہ روز حب مین آر سی ڈی شاہراہ شیر علی پیٹرول پمپ کے قریب پاکستانی جشن آزادی کے لیے قائم ایک اسٹال پر دستی بم حملہ کیا گیا تھا، جس سے ایف سی اور پولیس اہلکاروں سمیت اسٹال کا مالک اور دیگر لوگ زخمی ہوئے تھے جسکی ذمہ داری بلوچستان میں متحرک آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کی تھی۔