دھماکہ 14 اگست کے حوالے سے لگائے گئے ایک اسٹال پر ہوا۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی سے متصل بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں ایک زور دار دھماکے سے فرنٹیئر کور اہلکار سمیت کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مین آر سی ڈی شاہراہ کے قریب واقع شیر علی پیٹرول پمپ کے سامنے پاکستان کے جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں لگائے گئے ایک اسٹال پر نامعلوم افراد نے دستی بم سےحملہ کردیا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس سے کم از کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کے بعد قریب نافذ پیرا ملٹری فورس ایف سی نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سےشہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فورسز اہلکار سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنکو طبی امداد دینے کے لیے جام غلام قادر ہسپتال حب منتقل کردیا گیا ہے۔
آخری اطلاعات تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یاد رہے اس سے قبل بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں پاکستان کے جشن آزادی کی تقاریب اور اسٹالز کو تواتر کے ساتھ نشانہ بناتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے ہفتے ساکران روڈ حب میں ایک سابق بیوروکریٹ احتشام الحق کے گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا تھا۔ جسکی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ شخص پاکستانی خفیہ اداروں کیلئے بلوچ قوم پرستوں کے خلاف متحرک ہے۔