آن لائن اخبار کرنٹ بلوچستان نے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک میں ضم ہونے کا اعلان کردیا

555

بلوچستان سے نشر ہونے والے آن لائن نیوز نیٹورک کرنٹ بلوچستان نے پیر کے دن دی بلوچستان پوسٹ ایڈیٹوریل بورڈ کے ساتھ ہونے والے ایک میٹنگ کے بعد ٹی بی پی کے ادارتی پالیسی سے متفق ہوتے ہوئے غیر مشروط طور پر مکمل دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک میں ضم ہونے کا اعلان کردیا اور مستقبل میں دی بلوچستان پوسٹ کے پلیٹ فارم سے اپنے صحافتی ذمہ داریاں سرانجام دینے کا فیصلہ کیا۔

کرنٹ بلوچستان تین زبانوں بلوچی، انگریزی اور عربی میں جاری ہونے والا ایک آن لائن نیوز نیٹورک ہے۔ جو مختلف سماجی رابطے کے ویب سائٹوں کو بطور پلیٹ فارم استعمال کرکے اپنے قارئین تک گذشتہ دو سالوں سے بلوچستان کی خبریں اور حقیقی حالات پہنچاتا رہا ہے۔

پیر کے روز ہونے والے میٹنگ میں کرنٹ بلوچستان نیوز نیٹورک کی ٹیم نے یہ اعلان کیا کہ وہ دی بلوچستان پوسٹ کی ادارتی پالیسی اور طریقہ کار سے مکمل اتفاق رکھتے ہوئے، کرنٹ بلوچستان کو غیر مشروط طور پر ٹی بی پی میں ضم کرکے اپنے آنلائن صفحہ جات اور بلاگ کی موجودگی فوری ختم کریں گے۔ انہوں نے ساتھ ساتھ کرنٹ بلوچستان کے قارئین سے التماس کی کہ وہ مستقبل میں خبروں، تجزئیوں، رپورٹ و مضامین تک رسائی کیلئے دی بلوچستان پوسٹ کے آفیشل ویب سائٹس یا سماجی رابطوں کے صفحوں پر وزٹ کریں۔

یاد رہے دی بلوچستان پوسٹ اس وقت چار زبانوں انگلش، اردو، بلوچی اور براہوئی میں چار مختلف ویب سائٹوں سے جاری ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ سماجی رابطوں کے ویب سائٹ فیس بک، ٹوئیٹر، وٹساپ، ٹیلی گرام، انسٹاگرام پر بھی ٹی بی پی کی بھاری موجودگی ہے۔ علاوہ ازیں ٹی بی پی پبلشنگ ہاؤس سے ابتک ایک کتاب کی اشاعت ہوچکی ہے اور تین مزید کتابوں کی اشاعت پر کام جاری ہے۔