ہرنائی : پاکستانی فورسز کا چھاپہ ، خواتین و بچوں سمیت 4 افراد قتل

1689

پاکستانی فورسز نے ہرنائی کے علاقے نشپا میں ایک چرواہے کے گھر پر حملہ کرکے وہاں خواتین و بچوں سمیت چار افراد کو قتل جبکہ دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے ۔

ٹی بی پی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہرنائی کے علاقے نشپا میں پاکستانی فورسز نے ایک چرواہا قیصر چھلگری مری کے گھر پر چھاپہ مار کر قیصر چھلگری،  اس کے نواسے ناز بی بی ولد محمد علی چھلگری مری اور دو بچوں کو قتل کردیا ۔

دوران چھاپہ فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر آمد و رفت پہ پابندی عائد کر دی جبکہ چھاپے میں قیصر چھلگری کے دو بیٹوں کو بھی فورسز نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پہ منتقل کر دیا ۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ہرنائی کے علاقے چھپر لٹ اور زردآلو میں فورسز اور کوئلہ لیز پر حملہ کیا تھا جس کے بعد پاکستانی فورسز نے عام آبادی کو نشانہ بنایا ۔

بلوچستان کے سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے اکثر و بیشتر پاکستانی فورسز پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ مسلح گروپوں کے حملوں کے بعد فورسز عام اور خالی ہاتھ بالخصوص خواتین و بچوں کو نشانہ بناتا ہے۔