کراچی : حملے کا خدشہ، ریڈ زون میں ہائی الرٹ جاری

608

کراچی کے ریڈ زون میں ممکنہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ گاڑیوں اور آنے جانے والے افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کے مطابق مختلف خفیہ رپورٹس میں کراچی کے ریڈ زون خاص طور پر مختلف ممالک کے قونصل خانوں کے حوالے سے سیکورٹی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں، جس پر مختلف قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکورٹی میں اچانک اضافہ کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے اور روسی قونصل خانے کے اطراف حفاظتی انتظامات پہلے سے مزید سخت کیے گئے ہیں۔

جاوید اکبر ریاض کے مطابق اس علاقے میں پولیس کی مزید 4 موبائلز اور ان پر چوکس عملے کو تعینات کرکے اضافی طور پر ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ بکتر بند گاڑیاں اور پولیس کی دیگر گشت کرنے والی گاڑیاں پہلے سے ہی اس علاقے میں تعینات ہیں۔

ساؤتھ زون پولیس چیف جاوید اکبر ریاض کے مطابق شہر کے ریڈ زون یا غیر ملکی اداروں کے دفاتر کے اطراف سیکورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جبکہ پیدل آنے جانے والے افراد کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ آنے والے چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق  کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر  حملے کے بعد مسلح گروپوں کی جانب سے مختلف حملوں  کی منصوبہ بندیاں سامنے آ رہی ہے، جبکہ مزید اطلاعات آنے پر سیکورٹی ادارے انتہائی الرٹ ہیں۔