قلات: دشت گوران میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، 1 شخص ہلاک

294

بلوچستا کے ضلع قلات میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

بارودی سرنگ کا دھماکہ دشت گوران میں شور پارود کے علاقے شیشاری میں ہوا جس کے نتیجے میں عبدالعزیز نامی شخص شدید زخمی ہوا جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم تھوڑ گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص نیمرغ کا رہائشی ہے جبکہ مبینہ طور پر ان کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ ڈیتھ اسکواڈ سے تھا۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم مذکورہ علاقے میں اس سے قبل بھی بارودی سرنگ کے دھماکوں اور دیگر حملوں میں سرکاری حمایت یافتہ افراد کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جن کی ذمہ داری مختلف بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہے۔

دو مہینے قبل مذکورہ علاقے میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے موٹر سائیکل ٹکرانے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا جبکہ شور پارود سے متصل خاران کے پہاڑی علاقے لجّے میں گذشتہ مہینے مسلح افراد نے حسن خان ساسولی نامی شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا۔

مذکورہ دونوں حملوں کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ تنظیم کے ترجمان کے مطابق دونوں حملوں میں ڈیتھ اسکواڈ سے تعلق رکھنے والے افراد کا نشانہ بنایا گیا۔