بلوچستان: فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک، 2 زخمی

198

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں چوبیس گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعات ضلع قلات، کوئٹہ اور پنجگور میں پیش آئے۔

قلات میں کوئنگ ٹاور کے قریب فاضل محمد ولد رئیس فقیر محمد نیچاری سکنہ مگسی شاخ کوئنگ اپنے گاڑی میں گھر جارہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر ٹاور کوئنگ کے قریب فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی لاش کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم مزید تفتیش پولیس کررہی ہے۔

دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب کسٹم کے قریب روڑ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا، مقتول کی شناخت گل حسن کے نام سے ہوئی ہے جبکہ قتل کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

گذشتہ روز پنجگور میں نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل پر سوار افراد پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں عبدالوحید اور فرید نامی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔