کوئٹہ سمیت بلوچستان میں پیٹرول کی قلت، پمپس بند

527

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے، نجی آئل کمپنیوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل ہونے کے سبب 80 فیصد پمپمس بند ہیں۔

آل بلوچستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماء سید قیام الدین آغا کے مطابق نجی آئل کمپنیوں کی جانب سے کوئٹہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی 15 رمضان سے معطل ہے جو تاحال شروع نہ ہوسکی، سپلائی بند ہونے کے سبب کوئٹہ کے 80 فیصد پمپس بند ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں پمپس پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق کوئٹہ میں پی ایس او کی مارکیٹ صرف 20 فیصد ہے جبکہ باقی 80 فیصد پمپس نجی آئل کمپنیوں کے ہیں جو اب بند ہوگئے ہیں، پیٹرول نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بلوچستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں پیٹرول کی قلت کا فوری نوٹس لیں اور نجی آئل کمپنیوں کو پیٹرول کی سپلائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کریں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں وقت پر سپلائی نہ ہونے کے باعث پیٹرول کی قلت ہوگئی تھی۔