کوئٹہ: اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر مظاہرے

288

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے بجٹ میں نظرانداز کرنے کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اپوزیشن رہنماؤں کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب روکنے پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء ملک نصیر شاہوانی اور فورسز اہلکاروں میں تلخ کلامی ہوئی۔ اپوزیشن اراکین اسمبلی کو گرفتار کرنے پر کوئٹہ کے مختلف مقامات پر بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے شاہراہوں کو احتجاجاً بند کردیا گیا۔

مظاہرین کی جانب سے سریاب روڈ کسٹم، برما ہوٹل، کیچی بیگ سمیت شہر کے دیگر داخلی راستوں کو مختلف مقامات پر آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر ملک سکندر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مسلسل حکومت سے رابطہ کر رہی ہے مگر حکومت کی سرد مہری باعث افسوس ہے، پی ایس ڈی پی میں اپوزیشن کو اعتماد میں لینے اور تمام حلقوں میں ترقیاتی عمل و فنڈز کی برابری کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن اپنے آئینی اور قانونی حق کے حصول کے لئے جدوجہد کا فیصلہ کر چکی ہے۔