معروف بھارتی موسیقار واجد خان انتقال کرگئے

488

بالی ووڈ کی معروف موسیقار جوڑی ساجد واجد کے واجد خان ممبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئے۔

اطلاعات ہیں کہ واجد خان کا انتقال کرونا کے باعث ہوا لیکن وہ کافی عرصے سے گردوں کے امراض میں بھی مبتلا تھے۔

گلوکارسونو نگم نے بھی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ’’ میرا بھائی واجد ہمیں چھوڑ گیا‘‘۔

کورنا کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال میں اداکار سلمان خان کیلئے 3 گانے کمپوز کرنے والی ساجد واجد کی موسیقارجوڑی ان دنوں خبروں میں اِن تھی۔ساجد واجد نے آخری گانا ’’بھائی بھائی ‘‘ سلمان خان کیلئے ہی کمپوز کیا جوعید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔

سال 1998 میں سلمان خان کی سُپرہٹ فلم ’’ پیار کیا تو ڈرنا کیا‘‘ کے گانے ’’تیری جوانی بڑی مست مست ہے‘‘ سے اپنا ڈیبیو کرنے والے واجد نے ساجد کے ساتھ مل کر سلمان خان کی بےشمار فلموں کیلئے مقبول ترین گانے کمپوز کیے۔

سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم ’’دبنگ ‘‘ کے ساتھ یہ جوڑی ان کیلئے گھریلو نام بن گئی تھی۔ ان کے کمپوز کیے جانے والے متععد ہٹ گانوں میں تیرے مست مست مست 2 نین اور ہڑ ہڑدبنگ ( فلم دبنگ ، ڈو یو وانا پارٹنراور سونی دے نخرے (فلم پارٹنر) ، مجھ سے شادی کروگی اور لال دوپٹہ (فلم مجھ سے شادی کروگی) ، ماشاء اللہ (فلم ایک تھا ٹائیگر) ، چنتا تاچِتا (فلم راؤڈی راٹھور) ، فیوی کول (فلم دبنگ 2) اور رات بھر (فلم ہیرو پتنی) سمیت متعدد دیگرشامل ہیں۔

موسیقار کے علاوہ بطورگلوکار بھی واجد نے انڈسٹری کے ہِٹ گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایاجیسے کہ ڈویو وانا پارٹنر، چنتا تاچتا، تجھے اکسا بیچ گھما دوں، اور جلوہ وغیرہ۔

واجد خان بھارت کے معروف ٹی وی رئیلٹی شوز “سا رے گا ما پا سنگنگ سپراسٹار” اور “سا رے گا ما پا 2012” میں جج بھی تھے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا ، عدنان سمیع، سلیم مرچنٹ سمیت بالی ووڈسے تعلق رکھنے والے متعدد نمایاں ناموں نے واجد خان کے انتقال پرافسوس کااظہارکیا۔