مشکے اور خاران میں پاکستانی فورسز پر حملے

306
File Photo

بلوچستان کے ضلع خاران اور مشکے میں پاکستانی فوج کے کیمپوں کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خاران کے علاقے لجے میں شوآپ کے قریب نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کے مین کیمپ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

علاقہ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے راکٹ کے کئی گولے کیمپ پر داغے گئے۔ فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی، دھماکوں اور فائرنگ سے علاقہ گھونج اٹھا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

خیال رہے اس سے قبل مذکورہ علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حسن خان ساسولی نامی شخص ہلاک ہوا جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔

دریں اثناء ضلع آواران کے علاقے مشکے گجلی میں بھی فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فورسز کیمپوں کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم ماضی میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری قبول کی جاتی رہی ہے۔