مقامی اخبارات کا کوٹہ ختم کرنا صحافت دشمن اقدام ہے – بلوچستان ایڈیٹرز فورم

450

بلوچستان ایڈیٹرز فورم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے علاقائی اخبارات کے 25 فیصد کوٹہ کو ختم کرنا صحافت دشمن اقدام ہے۔ علاقائی اخبارات وفاقی حکومت سے سرپرستی کی امید لگائے بیٹھے تھے لیکن 25 فیصد کوٹہ ختم کرکے پورے ملک کے علاقائی پریس کو شدید مایوس کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقائی اخبارات صحافت کی نرسریاں ہیں جہاں سے صحافی تربیت پاکر ملک کے بڑے بڑے اداروں سے وابستہ ہوپاتے ہیں‘ حکومت ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں ہرسال صحافت کی تعلیم پانے والے لاکھوں نوجوانوں کے بارے میں بھی سوچا جائے۔

بلوچستان ایڈیٹرز فورم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر علاقائی اخبارات کا 25 فیصد کوٹہ بحال کرکے علاقائی پریس کی سرپرستی کی جائے۔ ایک طرف وفاقی حکومت ملک میں کروڑوں نوکریاں دینے کے وعدے کررہی ہے تو دوسری جانب صحافت دشمن اقدامات سے ملک بھر میں لاکھوں خاندانوں کو نان شبینہ کا محتاج کرنے کی پالیسیاں اختیار کیئے ہوئے ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو غلط بریفنگ دینے والے عناصر کسی صورت حکومت کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، ان کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اگر فوری طور پر 25 فیصد کوٹہ بحال اور علاقائی پریس کو ان کا پورا حق نہ دیا گیا بلوچستان ایڈیٹرز فورم ملک بھر کے علاقائی اخبارات اور تنظیموں کیساتھ ملکر اپنے حقوق کیلئے تحریک کا آغاز کریگی۔