سیاسی جماعتیں ڈنک واقعہ کے خلاف منظم عوامی تحریک چلائے – جے یو آئی کیچ

195

جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب صدر اور کیچ کے ضلعی امیر مولانا خالد ولید سیفی کی اپنی رہائشگاہ پر ڈنک واقعہ کے حوالے سے پریس کانفرنس۔

خالد ولید سیفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں ڈنک واقعہ کے خلاف منظم عوامی تحریک شروع کریں، روایتی مذمت کافی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈنک واقعہ براہ راست بلوچ چادر اور چار دیواری پر حملہ ہے اس میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرنے کے علاوہ پشت پناہوں کو بھی آشکار کیا جائے۔ پولیس اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے قاصر ہے، شہر میں امن و امان کی صورتحال جان بوجھ کر خراب کی جارہی ہے۔

خالد ولید سیفی نے کہا کہ کیچ کو بدمعاش، چور اچکھوں اور مسلح جھتوں کے حوالے کیا گیا ۔ان جھتوں کی وجہ سے رو بروز امن و امان کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ اگر ان جھتوں کو ضروری مقاصد کے لیے بنایا گیا ہے تو ان کے کھانے پینے کا بندوبست بھی کیا جائے۔ جھتوں کو کھلی دہشت گردی، چوری ڈکیتی اور قتل کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔