بلوچستان حکومت عوام دشمنی کا مرتکب ہورہا ہے – نیشنل پارٹی

106

نیشنل پارٹی کیچ کے ضلعی صدر معحمد جان دشتی نے بدھ کے روز پارٹی کے ضلعی تنظیم کیطرف سے حفاظتی ماسک کی کثیر تعداد ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر رحیم بلیدی، ایم ایس تربت ڈاکٹر امداد بلوچ اور محکمہ صحت کے دیگر آفیسران کو عطیہ کیئے، اس موقع پر نیشنل پارٹی کیچ کے عہدہ داران گلزار بلوچ اور رجب یاسین بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ محکمہ صحت کیطرف سے ڈاکٹر سجاد دشتی، ڈاکٹر ظفر عبدالنبی، ڈاکٹر جاوید کریم ،ڈاکٹر افضل خالق، ڈاکٹر یونس بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناء نیشنل پارٹی کیچ کیطرف سے ماسکیں عطیہ کرنے کے تقریب کے بعد مقامی صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کیچ کے ضلعی صدر محمد جان دشتی نے کہا کہ نیشنل پارٹی ڈاکٹرز سمیت تمام طبی عملہ کو کورونا وباء کے خلاف جاری جنگ میں صف اول کا سپاہی سمجھتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی بساط کے مطابق اپنے طبی عملہ کو حفاظتی ماسکیں عطیہ کیئے ہیں اور ہماری طرف سے یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں بھی برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک جو سب سے اہم تقاضا ہے وہ اپنے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی حفاظت پر توجہ مرکوز کرنا ہے کیونکہ اگر ہمارے یہ صف اول کے سپاہی محفوظ رہیں گے تو تبھی کرونا کے خلاف انسانیت کی یہ جنگ نہ صرف آگے کیجانب بڑھے گی بلکہ کامیابی سے بھی ہمکنار ہوگی۔

انہوں نے صوبائی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جام صاحب کی حکومت جتنا عوام دشمنی کا مرتکب ہورہی ہے بلوچستان کی تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی،صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی لیتے ہوئے محسوس نہیں کیاجاتا،کرونا وباء کو تین ماہ سے زاہد کا عرصہ گزر چکا ہے مگر مکران ڈویژن سمیت بلوچستان کے کسی بھی ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں ابھی تک کرونا ٹسٹنگ کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ہے جو اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ صوبائی حکومت کو نہ صرف عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ ہی نہیں بلکہ یہ تاریخی طور پر بھی نااہل حکومت ہے۔

محمد جان دشتی نے کہا نیشنل پارٹی اس کھٹن وقت میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ ہم ہر قدم پر اپنے عوام کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے نظر آئیں  گے۔