انجمن تاجران بلوچستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو مسترد کرتے ہوئے لاک ڈاون کو مکمل ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
کوئٹہ میں انجمن تاجران بلوچستان کے عہدیداروں کے اجلاس میں جنرل سیکرٹری اللہ داد ترین کا کہنا تھا کہ ان پالیسی سازوں پر افسوس جو یہ سمجھ نہیں پا رہے کہ وقت کم رکھنے سے خریداروں کا ہجوم زیادہ ہوتا ہے یا کاروبار کے لیے وقت زیادہ دینے سے خریداروں کا ہجوم زیادہ ہوتا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ہم نے نائیوں کیلئے افطار تا سحری اور بیکری والوں کیلئے دن 12بجے سے رات 12بجے اور عید سے منسلک اشیاء کی دکانوں کیلئے صبح 10بجے سے سحری تک کا وقت مانگا تھا۔
اس کے علاوہ کوئٹہ کے اطراف میں بڑے ہوٹلوں کو کھولنے اور گاہکوں کو ہوٹل میں فاصلہ رکھ کر کھانا چائے دینے کی تجویز دی تھی مگر ہماری تمام تجاویز کو رد کرکے غیر منطقی نوٹیفیکیشن جاری کردیا جسے ہم یکسر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر عید تک صبح 10بجے سے سحری تک کاروبار کرنے کے لیے وقت دیا جائے ورنہ ایسا نہ ہو کہ دکاندار قانون کی خلاف ورزی پر مجبور ہوجائیں۔