کورونا وائرس کے حوالے بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہیں – عارف علوی

184

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے تدارک کیلئے پوری قوم متحد اورایک ساتھ ملکر جنگ لڑ رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کے تدارک کے ساتھ ساتھ احساس کفالت پروگرام کے تحت غریب طبقات کی مشکلات کے ازالے کیلئے بھرپور اور مربوط اقدامات اٹھارہی ہیں، دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے، تفتان اور پاکستان افغانستان بارڈر چمن کے مقامات بارڈر سے داخل ہونے والے افراد کی اسکریننگ اور قرنطینہ کی سہولیات پر بلوچستان حکومت کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک روزہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل، صوبائی وزراء میر ظہور بلیدی، انجینئر زمرک اچکزئی، عبدالخالق ہزارہ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے صدر عارف علوی کو کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ دی۔

صدر عارف علوی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے تعاون سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا اس وقت منتخب نمائندے غریب عوام کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ شعوری آگاہی کی ترویج کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔

عارف علوی نے منتخب قومی اور صوبائی اسمبلی کے نمائندوں اور  تمام علماء پر زور دیا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ غربت کے خلاف بھی لڑرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی اس غیر معمولی صورتحال میں تعلیمی سلسلے کو جاری و ساری رکھنے کیلئے ٹیلی ویژن اور ایف ایم ریڈیو کو بروئے کار لاکر تعلیمی حرج کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی اس وباء میں ہم نے بہت سی مثبت باتیں بھی سیکھی اور یہ واضح ہوا کہ خوراک اور زرعی پیداوار میں خود کفالت اختیار کر کے خوراک کے بحران سے بچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران غریب افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے، تجارتی مراکز بند ہونے کے اثرات محنت کش اور کاروباری طبقات پر پڑے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد کورونا وائرس کو شکست دیکر معمولات زندگی کی جانب گامزن ہوں گے۔

چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے اجلاس کو بتایا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور ضروریات کے مطابق سامان فراہم کررہا ہے۔ صوبائی حکومت کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان بھی فراہم کریں گے۔