دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 لاکھ 82 ہزار سے تجاوز کر گئی، برطانیہ ایک لاکھ سے زائد کورونا مریضوں والا چھٹا ملک بن گیا، دنیا میں کورونا سے جانبحق افراد کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 545 ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا اس وقت خطرناک عالمی وباء کی لپیٹ میں ہے، امریکہ، اسپین، اٹلی، فرانس اور جرمنی کے بعد برطانیہ میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ برطانیہ میں کورونا سے ایک روز میں مزید861 افراد جانبحق ہو گئے ، برطانیہ تین ہفتوں ، جبکہ ریاست نیویارک میں لاک ڈاؤن 15 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
فرانس میں 753 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 920 تک جا پہنچی۔ اٹلی میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اسپین میں 19ہزار سے زائد شہری لقمہ اجل بن گئے۔
امریکہ 33 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کے ساتھ ٹیسٹنگ میں سب سے آگے ہے۔ 6 لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں جبکہ ہلاکتیں 34 ہزار 600 سے زائد ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین مرحلوں میں امریکہ کی معیشت کو بحال کرنے کی تجویز دے دی، امریکی صدر کا کہنا تھا تمام ریاستیں مختلف ہیں، کچھ جلدی کھل جائیں گی اور کچھ کو تھوڑا مزید وقت چاہیے۔
دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے کوئی نئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، چین کے بعد جنوبی کوریا، آسٹریا، آسٹریلیا اور سوئٹزرلینڈ بھی کورونا وائرس پر تیزی سے قابو پانے کا عمل جاری ہے۔ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات میں سے 65 فیصد ہلاکتیں یورپی ممالک میں ہوئی ہیں۔