پشین میں ایک ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ڈاکٹروں کی تعداد گیارہ ہوگئی ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق پشین خانوزئی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثر ڈاکٹروں کی تعداد گیارہ ہوگئی ۔
انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر میر ویس خان کوئٹہ کے ہسپتال میں ڈیوٹی دے رہا تھا اور گذشتہ روز خانوزئی آیا اور آثار ظاہر ہونے کے بعد ڈاکٹر کے خون کے نمونے لئے گئے جو کہ مثبت آگئے، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹر کےلئے اس کے گھر میں ہی آئسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا ، اور انتظامیہ کے مطابق مریض کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ۔
دوسری جانب کوئٹہ میں کلی ترخہ کے ایک ہی گھر کے پانچ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی ترخہ میں ایک گھر کے 5افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے متاثرہ گھر کا ایک شخص کراچی سے کچھ روز قبل کوئٹہ آیا تھا جس کی وجہ سے ان کے گھر میں موجود باقی چار افراد بھی وائرس کا شکار ہوگئے جن میں ماں اور 4بچے شامل ہیں ۔