ڈیرہ غازی خان: غلط انجکشن لگانے سے باپ بیٹی جاں بحق

558

ڈیرہ غازی خان میں اتائی ڈاکٹر کے غلط انجیکشن لگانے سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے- پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق تحصیل تونسہ شریف کے نواحی گاؤں بستی کھیوے والا میں اتائی ڈاکٹر کے غلط انجیکشن لگانے سے 28 سالہ عنایت اورچار سالہ سدرہ کی حالت غیر ہوگئی جنہیں تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو اسپتال تونسہ شریف منتقل کیا گیا، جہاں دونوں باپ بیٹی دوران علاج چل بسے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے ابتدائی قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں تدفین کیلئے لواحقین کے حوالہ کر دیں اور واقعہ میں ملوث اتائی ڈاکٹر سمیت ڈسپنسر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

ایس ڈی پی او تونسہ شریف سعادت علی کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے شکنجے میں لایاجائے گا۔

یہ واقعہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ذمہ داروں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔