پنجگور کا رہائشی کراچی میں کورونا سے انتقال کرگیا، میت لیجانے والے افراد قرنطینہ منتقل

89
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے رہائشی کی کراچی میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کے بعد میت پنجگور منتقل کرنے کے دوران ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، سبزاب کے مقام پر ایمبولینس کو روک دیا، میت کے ساتھ آنے والے ایک درجن کے قریب افراد کو بھی کیڈٹ کالج میں واقع قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا۔

قرنطینہ سینٹر میں ان افراد کے ٹیسٹ لیئے جائیں گے۔ تدفین انتظامیہ کے زیر نگرانی کردی جائے گی۔

سعید بلوچ کی کراچی میں موت اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہونے کے بعد شہر بھر میں لاک ڈاؤن کو سخت کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور شبیر احمد بادینی اور اے سی پنجگور امجد حسین سومرو کے مطابق کراچی میں جاں بحق ہونے والے میجر ریٹائرڈ سعید بلوچ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جو پنجگور کے علاقے گرمکان کا رہائشی ہے اور وہ کافی عرصے سے کراچی میں مقیم تھے اور کراچی میں لاک ڈاؤن کے بعد وہ کراچی سے پنجگور شفٹ ہوگئے تھے۔ پنجگور میں طعبیت خراب ہونے کے باعث اسے دوبارہ کراچی ریفر کردیا گیا تھا جس کی بعد کراچی کے ایک اسپتال میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔

لواحقین لاش پنجگور منتقل کررہے تھے کہ ضلعی انتظامیہ نے سبزاب کے مقام پر لیویز چیک پوسٹ پر میت لانے والی ایمبولینس کو روک کر میت تحویل میں لے لیا اور اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق لاش اسپتال کے مصدقہ انکشافات کے بعد کہ مرحوم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس کے پیش نظر میت تحویل میں لیا گیا جس کے بعد پورے شہر میں ریڈالرٹ جاری کرکے لاک ڈاؤن کو مذید سخت کیا گیا۔

پہلی مرتبہ پنجگور بازار میں مکمل لاک ڈاؤن رہا۔