سوات: پاکستانی فورسز پر حملہ، تین اہلکار ہلاک

383

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے پہاڑی علاقے ایلم میں پاکستانی فورسز اور مسلح افراد میں جھڑپ میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع سوات اور ضلع بونیر کی سرحد پر واقع ایلم میں پاکستانی فورسز پر سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستان فوج کے دو اور ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پاکستان فوج کے ہلاک اہلکار کی شناخت حوالدار ظہیر جبکہ ایلیٹ فورس اہلکار کی شناخت محمد حنیف کے نام سے ہوئی، محمد حنیف پلاٹون 63 میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔

حملے کے بعد فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے پہاڑی کو گھیرے میں لے لیا جہاں مسلح افراد اور فورسز کے درمیان وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے کہا ہے کہ حملے میں پاکستان فوج کے پانچ اور ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا ہے۔

یاد رہے ایلم کی پہاڑی پر گذشتہ کئی ماہ سے ایسے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ ماہ قبل بھی پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے دو پولیس اہلکاروں کو مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا اور سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے تھے۔