بلوچستان میں والدین اپنے بیٹوں کا انتظار کرتے کوچ کرجاتے ہیں – سہراب بلوچ

416

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی چئیرمین نے تنظیم کے سابق لاپتہ چئیرمین زاہد بلوچ کے والد الہی بخش بلوچ کی وفات پہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ بلوچستان میں بیشتر والدین اپنے بیٹوں کا انتظار کرتے کرتے اس دار فانی سے کوچ کرجاتے ہیں۔

چئیرمین زاہد بلوچ جنہیں اٹھارہ مارچ 2014 کو کوئٹہ کے علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن سے ماورائے عدالت گرفتار کرکے لاپتہ کیا گیا جن کی گمشدگی کے خلاف بلوچستان اور کراچی میں بڑے پیمانے پہ پر امن احتجاج بھی کیئے گئے لیکن آج چھ سال گزرنے کے باوجود زاہد بلوچ تا حال لاپتہ ہے۔

سہراب بلوچ نے مزید کہا کہ چئیرمین زاہد بلوچ کے والد الہی بخش بلوچ طویل عرصے سے بیماری کی حالت میں اپنے لخت جگر کو یاد کرتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ اس سے قبل لاپتہ غلام فاروق کی والدہ بھی اپنے بیٹے کے انتظار میں وفات پاگئی تھی۔ نجانے ایسے کئی خاندان ہے جن کے لخت جگر لاپتہ کیئے گئے ہیں اور ان کے بوڑھے والدین اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے پر امن احتجاج کرتے کرتے دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔

الہی بخش بلوچ نے بلوچ قومی تحریک آزادی کے لئے زاہد جیسے رہنماؤں کو جنم دیا جن کی قول و فعل میں بلوچ سر زمین کی محبت رچی بسی ہوئی تھی۔

سہرب بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا کی جانبداری اور اداروں کی خاموشی کی وجہ سے لاپتہ افراد کا مسئلہ گھمبیر شکل اختیار کرتا جارہا تھا اور کئی خاندان اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے ایک کرب سے گذر رہے ہیں اور اپنے پیاروں کو یاد کرتے کرتے اس دار فانی سے کوچ کرجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے بلوچستان کی گھمبیر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھا کر لاپتہ افراد کے لواحقین کو ان کربناک لمحات سے چھٹکارہ دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دریں اثنا بی ایس او کے سابق چئیرمین اور بلوچ نیشنل موؤمنٹ کے سابق سیکریٹری جنرل رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے
لاپتہ رہنما زاہد بلوچ کے والد محترم کے وفات پر تعزیت کی ہے۔

رحیم بلوچ نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر کہا کہ میر حاجی الہٰی بخش کرد کی وفات نے مجھے غمزدہ کیا، وہ بی ایس او آزاد کے سابق چیئرمین زاہد بلوچ کے والد تھے۔ زاہد بلوچ کو پاکستان آرمی نے 18 مارچ 2014 کو کوئٹہ سے اغوا کیا جوکہ ہنوز لاپتہ ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندان کو صبر عطاء فرمائے۔