دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 785777 ہو چکی ہے، اس وائرس نے اب تک 37815 افراد کی جان لی ہے جبکہ اس کے 165607 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چین سے دُگنی ہو گئی ہے جہاں ایک ہی روز میں 20 ہزار مریضوں کا اضافہ ہونے کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 64 ہزار 253 ہو گئی۔
نیو جرسی کے نرسنگ ہوم میں 8 افراد چل بسے، نیویارک میں میتوں کی منتقلی کے لیے کنٹینرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن 565 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 3165 ہونے کے بعد چین میں اموات کی تعداد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اس تازہ صورتِ حال کے بعد پابندیاں ہٹانے کا اعلان کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ دے دیا۔
دوسری جانب 5 منٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی امریکی کمپنی کی کٹ پیش کر دی۔
کورنا وائرس کی وجہ سے اسپین اور اٹلی میں قیامت کے مناظر سامنے آ رہے ہیں، ان دونوں ملکوں میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھا دی گئی ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 101739جبکہ اس سے اموات 11591 ہو چکی ہیں۔
اسپین میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 87956جبکہ اموات 7716 ہو چکی ہیں۔
فرانس میں کورونا وائرس کے باعث 3 ہزار سے بھی زیادہ اموات ہوچکی ہیں، برطانیہ میں 1408 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، جبکہ یورپ کے چھوٹے ملکوں میں بھی غیر معمولی اموات دیکھنے میںآ رہی ہیں۔
ایران میں کورنا وائرس سےاب تک 2757 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کل مریضوں کی تعداد 41495 ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کا پہلا مریض یکم مارچ کو سامنے آیا تھا جبکہ اب تک کل مریضوں کی تعداد 1453 ہو چکی ہے۔
اس وائرس سے سعودی عرب میں 8 افراد جاں بحق ، 115 صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 12 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
مکہ مکرمہ کے 6 علاقوں میں غیر معینہ مدت تک کے لیے 24 گھنٹے کا کرفیو لگا دیا گیا ہے۔
کورنا وائرس سے متحد عرب امارات میں 611افراد بیمار ہوئے ہیں، جبکہ دبئی کے علاقے الراس میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔