ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کیئے بغیر آزاد بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا – بی ایس او آزاد

307

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے ستائیسں مارچ یوم جبری قبضہ بلوچستان کو سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان نے برطانوی مقتدرہ کے سازشوں اور انہی کی ایماء پر ستائیس مارچ انیس سو اڑتالیس کو بلوچستان پہ بزور طاقت قبضہ کیا۔ اس جبری قبضے کے خلاف اولین دن سے بلوچ قوم نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور آج تک بلوچ قومی تحریک مختلف نشیب و فراز سے گزرتے ہوئے اپنے منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہے۔

مرکزی ترجمان نے آزاد بلوچ ریاست کی تاریخ کے متعلق کہا کہ چار اگست انیس سو سینتالیس کو وائسرائے ہند، محمد علی جناح اور خان قلات نے ایک معاہدے پر دستخط کیئے اور گیارہ اگست انیس سو سینتالیس کو آل انڈیا ریڈیو دہلی نے اس خبر کو نشر کیا جسے ریاست پاکستان نے بھی تسلیم کرلیا تھا۔ بلوچستان کی باقاعدہ آزادی کا اعلان پندرہ اگست انیس سو سینتالیس کو خان آف قلات نے کیا۔ اس کے بعد ریاستی نظام کو چلانے کے لئے برطانوی طرز پہ دارالعوام اور دارالامرا کا قیام عمل میں لایا گیا اور حکومتی امور کو چلانے کے لئے الیکشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں قلات اسٹیٹ نیشنل پارٹی کی کامیابی ہوئی جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بلوچستان کے عوام شعور یافتہ اور سنڈیمن سرداروں کے خلاف ہے۔

لیکن ریاست پاکستان شروع دن سے ہی ریاست قلات کی خلاف پروپیگنڈے میں مصروف عمل تھی اس لئے خاران لسبیلہ اور مکران کے سرداروں کو سازش کے ذریعہ اپنے ساتھ ملا کر انہیں الحاق کرنے پہ راضی کرلیا اور ستائیسں مارچ انیس سو اڑتالیس کو عوامی امنگوں کو اپنے پیروں تلے روندتے ہوئے قلات پہ فوج کشی کی اور بلوچستان کو اپنے تصرف میں لے لیا جو آج تک جاری ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ برطانوی راج سے آزادی اور نو مہینے بعد پاکستانی قبضہ اور اولین بلوچ انسرجنسی کا تین مہینوں میں خاتمہ اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ بحثیت بلوچ ہم میں سیاسی شعور کا فقدان تھا، بلوچ لیڈرشپ میں قوت فیصلے کی صلاحیت نہیں تھی جس کی وجہ سے بلوچستان اپنے آزادی کو برقرار نہیں رکھ سکا۔ ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر مستقبل کے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے اگر ہم نے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ نہیں کیا تو آزاد بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

ترجمان نے بلوچ نیشنل موؤمنٹ کی جانب سے ستائیس مارچ یوم سیاہ کی مناسبت سے سوشل میڈیا میں ہونے والے آن لائن کمپئین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممبران اور بلوچ طالب علم کمپئین میں حصہ لیکر کمپئین کو کامیاب بنانے کی جدوجہد کریں۔