طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کرکے کورونا کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں- محمود خان اچکزئی

123

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کورونا کے خلاف جنگ توپ بندوق اور چاقو سے نہیں بلکہ طبی ماہرین کے مشوروں پر عین مطابق عملدرآمد کرتے ہوئے ہی لڑی جاسکتی ہے حکومت کی جانب سے دیہاڑی دار مزدوروں کی کفالت کا ذمہ اٹھانا اہم اقدام ہے تاہم اس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی سمیت تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کورونا کے خلاف جنگ کو قومی خدوخال میں ڈھال کر سیسہ پلائی دیوار کی مانند اس کے خلاف کھڑے ہونا ہوگا کورونا پوری انسانیت کیلئے خطرہ ہے گھروں میں رہ کر اس جنگ میں سپاہی کاکردار ادا کیا جاسکتا ہے آج بڑے بڑے ممالک اس وائرس کے سامنے بے بس ہیں لاک ڈاؤن اس کے تدارک میں ایک اہم اقدام ہے جو ہمیں اس جنگ میں کامیابی دلواسکتا ہے چھوٹے جرائم میں قید مجرمان کے جرمانوں کی ادائیگی کیلئے حکومت کو کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ وہ رمضان المبارک سے قبل اپنے گھروں کو جاسکیں۔

ان خیالات اظہار انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج پوری انسانیت کورونا وائرس جیسی ایک بلا کے سامنے ہے اس وباء سے اب تک پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 40ہزار سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہارچکے ہیں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے پیشگی اس خطرے کے حوالے سے پوری دنیا کو آگاہ کر دیا تھا تاہم اسکے باوجود صرف تین ماہ میں اس وباء نے 199سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیاچین کے غیور عوام اور ڈاکٹروں دن رات انتھک محنت سے اس وباء کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی تاہم وہاں بھی تین ہزار لوگ اس وباء کی بھینٹ چڑھ گئے انھوں نے کہا کہ امریکہ،اسپین، ایران،فرانس، اٹلی، سمیت بیشتر ترقی یافتہ ممالک بھی اس وباء کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں اور ان ممالک سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تاہم ان ممالک نے لاک ڈاؤن اور کرفیو کے باوجو داپنے لوگوں کو بنیادی سہولیات انکی دہلیز تک پہنچائی ہے ہمارا وطن پشتون بلوچ صوبہ ہے بحیثیت پاکستانی ہمارا یہ فرض ہے کہ پوری انسانیت کو لپیٹ میں لینے والی اس وباء کے خلاف جنگ میں اپنا بھی کردار ادا کریں جس کے لئے ضروری ہے کہ اس جنگ کے تمام محرکات کا بغور جائزہ لیا جائے کیونکہ یہ تلوار،توپ اور چاقوؤں سے نہیں بلکہ اسے اپنے جغرافیائی خدوخال میں ڈھال کر شکست دینا ہو گی ماہرین امراض کی تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا اس جنگ کا پہلا اصول ہو گا اس کے علاوہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا گلے ملنا اور کسی بھی قسم کے اجتماعات پر پابندی لازمی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر نا ہو گا جیسا کہ پوری دنیا میں بڑے بڑے اجتماعات جس میں کھیلوں کے مقابلے،مذہبی اجتماعات پربھی پابندی عائد کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ گھروں میں رہتے ہوئے سپاہی کا کردار ادا کریں ماہرین امراض کے مطابق یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس جنگ میں آگے چل کر مزید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑے تاہم ہمیں اس وباء کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونا ہو گا تاکہ نہ صرف اپنے ملک بلکہ پوری انسانیت کو اس خطرناک وائر سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ مخیر حضرات زیادہ سے زیادہ لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے آگے آئیں حکومت کی جانب سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو ماہانہ وضیفہ دینے کا فیصلہ احسن اقدام ہے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ اس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے علاقوں میں مستحقین کی نشاندہی کریں اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد یا وضیفے میں انکی معاونت و مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تجویز دیتا ہوں کہ ہماری جیلوں میں اس وقت بھی ضرورت سے کہیں زیادہ لوگ قید ہیں ان میں سے چھوٹے مجرموں کے جرمانے ادا کر کے انکی سزاؤں کو معاف کیا جائے تاکہ رمضان المبارک سے پہلے پہلے وہ اپنے گھروں میں اپنے بچوں کے ساتھ شامل ہو جائیں حکومت 24گھنٹوں میں آگاہی مہم چلائیں جس کے لئے پشتو بلوچی سمیت تمام زبانوں میں ریکارڈنگ کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں تک لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جاسکے پشتونخوا وطن سمیت ملک بھر کے عوام کسی بھی قسم کے اجتماعات سے گریز کریں اور اپنے اپنے گھروں میں رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں وسائل کی کمی ہے صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اگر یہ وباء پورے ملک میں پھیل گئی تو شائد ہم اسکا مقابلہ کرنے کی سکت نہ رکھ سکیں۔