جلیلہ حیدر سمیت دنیا بھر سے 12 ‘غیرمعمولی خواتین’ کیلئے امریکی ایوارڈ کا اعلان

765

امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن جلیلہ حیدر سمیت دنیا بھر سے 12 خواتین کو سالانہ انٹرنیشنل ویمن کوریج (آئی ڈبلیو او سی) ایوارڈ سے نواز دیا جائے گا۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے علاوہ افغانستان، ارمینیا، آذربائیجان، بولیویا، برکینا فاسو، چین، ملائیشیا، نیکارا گوا، شام، یمن اور زمبابوے سے غیرمعمولی خدمات انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈ کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ‘سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو 12 غیر معمولی خواتین کو اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ایوارڈ سے نوازیں دے جہاں خاتون اول میلانیا ٹرمپ مذکورہ خواتین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خطاب بھی کریں گی’۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق سیکریٹری آف اسٹیٹ کی جانب سے دنیا بھر میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی خواتین کے اعزاز میں سالانہ ایوارڈ دیا جاتا ہے اور رواں برس اس روایت کو 14 سال ہوجائیں گے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے معروف انسانی حقوق کی وکیل اور کارکن جلیلہ حیدر بھی دنیا بھر میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی 12 خواتین میں شامل ہیں۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ کے ایوارڈ کے لیے جلیلہ حیدر کو انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے پر اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جلیلہ حیدر نے ‘وی دا ہیومنز- پاکستان’ کی بنیاد رکھی جو مقامی برادریوں، بچوں اور خواتین کو مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کرنے والی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ جلیلہ حیدر غربت سے متاثرہ خواتین کو مفت قانونی معاونت فراہم کرتی ہیں اور ہزار برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی وکیل ہیں اور انہوں نے اپنی برادری کے افراد پر ہدفی حملوں کے خلاف مہم چلائی اور بھوک ہڑتال کی قیادت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ بلوچستان کی صدر اور بلوچستان میں عورت مارچ کی شاخ کی صدر کی حیثیت سے عوامی مقامات، کام کی جگہ اور گھروں میں خواتین پر تشدد کے خلاف کام کیا۔