بلوچستان میں کرونا وائرس کا مریض انتقال کرگیا

183

بلوچستان میں کرونا وائرس کا مریض انتقال کرگیا۔ 65 سالہ متاثرہ مریض فاطمہ جناح اسپتال میں زیرِعلاج تھا۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا ہے کہ کوئٹہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریض جاں بحق ہوگیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وائرس سے متاثرہ مریض شوگر کا مریض تھا اور فاطمہ جناح اسپتال میں زیرعلاج تھا۔

 واضح رہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز اتوار کو سامنے آگئے، متاثرہ افراد کی تعداد 108 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق 1950 افراد کی اسکریننگ کی گئی جبکہ 1405 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں 1043 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، 4 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

محکمہ صحت کےمطابق 337 افراد کےٹیسٹ رپورٹس ابھی آنا باقی ہیں، متاثرہ افراد کو آئیسولیشن وارڈز منتقل کرکےعلاج شروع کردیا گیا ہے۔

بلوچستان میں اتوار کی شام 7 بجے تک کرونا وائرس سے متاثرہ افرادکی تعداد 108 ہوگئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی  کا کہنا ہے کہ زائرین اور ایران سے آنے والے مسافروں کے علاوہ صوبے میں کرونا وائرس کا کوئی بھی لوکل کیس سامنے نہیں آیا، نوہزار پانچ سو ٹیسٹ کٹس جلد کوئٹہ پہنچ جائیں گی۔ اس کے علاوہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے 24 شورومز اور 78 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا گیا ہے۔