بلوچستان حکومت میں شامل ایک صوبائی وزیر کے بیٹے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اسے گھر میں آئسولیشن میں منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر زمرک اچکزئی کا بیٹا جو حال ہی میں لندن سے واپس آیا ہے، کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں وائرس کی موجود گی کی تصدیق ہوئی ہے۔
مریض کو صوبائی وزیر کی درخواست پر کوئٹہ میں ان کی رہائشگاہ پر آئسولیشن میں منتقل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 158 افراد میں سے 19 صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے باقی 138 زیر علاج ہیں۔ کوئٹہ کے علاوہ دیگراضلاع میں کوئی بھی کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کا کیس سامنے نہیں آیا عوام اپنے گھروں میں رہیں حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 60 ہزار کے قریب حفاظتی اور دیگر سامان کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں بھجوادیئے ہیں سرحدوں پر سیکورٹی الرٹ ہے۔