ایران میں کورونا وائرس کی سے مزید 100 سے زائد افراد کی جانبحق ہونے کے بعد ملک میں مرنے والے کی تعداد ایک ہزار 556 ہو گئی ہے اور اور اب تک 20ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
چین اور اٹلی کے بعد ایران دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
جمعہ کے مقابلے میں ہفتے کو ملک میں مزید 100 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس سے وائرس کے سبب موت کے منہ میں جانے والے کی مجموعی تعداد ایکج ہزار 556 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور کے مطابق ہفتے تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 20ہزار 610 ہو گئی ہے۔
انہوں نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں خبردار کیاکہ اگر ایرانی سال نوروز کے موقع پر ملک بھر میں دو ہفتے کی چھٹیوں کے دوران لوگوں نے سفر کا سلسلہ ترک نہ کیا تو ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں نے انہیں سنجیدگی سے نہ لیا اور یہ سمجھا کہ کورونا کی وبا دم توڑ چکی ہے اور اگر شہروں اور دیہاتوں میں لوگوں کی جانب سے مجمعے اکٹھا کرنے اور تقریبات کا سلسلہ جاری رہا تو ایک سے دو ہفتوں میں یہ وبا اپنے عروج پر پہنچ جائے گی۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتے کو قوم سے خطاب میں سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفر گریز کریں اور امید ظاہر کی کہ دو سے تین ہفتوں میں وائرس کے خاتمے کے نتیجے میں ان پابندیوں میں نرمی کردی جائے گی۔