بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے پاکستانی فورسز نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران دو افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گوادر کے تحصیل جیونی میں رات گئے فرنٹئیر کور اہلکاروں نے جیونی کوسر بازار میں اسحاق نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں چادر وچار دیواری کو پامال کرکے خواتین و بچوں سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز اہلکار اسحاق کے بیٹے اور ایک رشتہ دار سرفراز کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد وہ تاحال لاپتہ ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ فورسز نے گھر میں لوٹ مار کرکے گھر میں موجود زیورات سمیت دیگر قیمتی اشیا کو اٹھاکر گھر کو سیل کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
خیال رہے ماضی میں اس نوعیت کے مختلف واقعات بلوچستان کے دیگر علاقوں میں پیش آتے رہے ہیں۔ بلوچ سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق پاکستانی فورسز اور خفیہ ادارے اجتماعی سزا کے طور پر لوگوں کو حراست میں لیکر لاپتہ کررہے ہیں۔