حب: مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم، کوچ میں آگ بھڑک اٹھی

1001

بلوچستان کے علاقے حب میں وندر کے قریب مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے بعد کوچ میں آگ لگ گئی۔

ایس ایچ او تھانہ وندر کے مطابق الفیصل کوچ کراچی سے خضدار جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرانے کے بعد کوچ میں آگ بھڑک گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوچ کے ڈرائیور زخمی ہوا ہے جسے کراچی منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او کے مطابق حادثے میں کوچ میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے، مسافروں نے کوچ سے چھلانگیں لگا کر جانیں بچائیں تاہم کوچ میں سوار تمام مسافروں کا قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

دریں اثنا مچھ کے قریب سوزکی وین بریک فیل ہونے کی وجہ سے الٹ گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے میں زخمی افراد کو مچھ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے گذشتہ سال کے اواخر میں بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں مسافر بس اور تیل لیجانے والی پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 12 سے زائد افراد جانبحق ہوگئے تھے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ حکام کے مطابق ان واقعات میں بیشتر کے وجوہات میں ڈرائیوروں کی لاپرواہی اور تیز رفتاری شامل ہیں۔

قلعہ سیف اللہ حادثے کے بعد مسافر گاڑیوں اور مرکزی شاہراہوں پر تیل بردار گاڑیوں کے آمد و رفت پر پابندی کے احکامات جاری کیئے گئے تھے لیکن ان احکامات پر عمل درآمد دیکھنے میں نہیں آسکی ہے۔