وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک استحقاق اسمبلی میں جمع

418

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعلیٰ جام کمال کےخلا ف تحریک استحقاق اسمبلی میں جمع کروا دی۔

میرعبدالقدوس بزنجو نے استحقاق کی تین علیحدہ تحاریک اسمبلی میں جمع کرائیں۔ تحاریک استحقاق وزیراعلیٰ، وزیرخزانہ ظہور بلیدی اور سینیٹرسرفرازبگٹی کےخلاف جمع کرائی گئیں۔

تحریک استحقاق میں عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے میرے خلاف بیان میں غیر مہذب الفاظ استعمال کیے، بحیثیت اسپیکر اسمبلی اور عوامی نمائندہ میرا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ میرے خلاف بیان بازی کا معاملہ استحققاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔

انکے مطابق میر ظہور بلیدی نے بیان دیا کہ میں بلوچستان کی سیاست میں غیر اہم ہوگیا ہوں اور وزیر خزانہ نے میرے بارے میں اور بھی غیرپارلیمانی اور غیرمہذب الفاظ استعمال کیے، جبکہ سرفرازبگٹی نے ایک چینل پر کہا کہ میں بی اے پی کی کور کمیٹی کا رکن ہوں۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے روزنامہ جنگ کوئٹہ میں بیان جاری کیا کہ میں ایک جذباتی شخص ہوں اور جذبات میں آکر بہت ساری باتیں کر جاتا ہوں اور میں ان کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتا ہوں۔

اسپیکر اسمبلی کے مطابق وزیراعلیٰ، وزیر خزانہ اور سرفرازبگٹی کے بیانات سے میرا استحقاق مجروح ہوا۔