قاسم سلیمانی ہلاکت : ایران کا تین روزہ سوگ و بدلہ لینے کا اعلان

454

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد ایئر پورٹ پر حملے کے بعد جاری کردہ اپنے ایک بیان میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ سخت انتقام ان مجرموں کا منتظر ہے جنہوں نے (سلیمانی) اور دیگر شہیدوں کے خون سے گذشتہ رات اپنے ہاتھ رنگے ہیں۔

خامنہ ای نے سلیمانی کی ہلاکت پر تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔

مبصرین کے خیال میں قاسم سلیمانی کی موت پر ایران کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے جس سے خطے کی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنرل سلیمانی اور دیگر ایران نواز ملیشیا کے اہلکار دو گاڑیوں میں بغداد کے ہوائے اڈے سے نکل رہے تھے جب ان کو امریکی ڈرون نے نشانہ بنایا۔ ڈرون نے گاڑیوں پر کئی میزائل برسائے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اس حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق جنرل سلیمانی لبنان یا شام سے بغداد پہنچے تھے۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج نے صدارتی حکم پر بیرون ملک امریکی اہلکاروں کے تحفظ کے غرض سے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کر دیا ہے، یہ حملہ ایران کے مستقبل کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری تھا۔ امریکہ اپنے شہریوں اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم لینے کے لیے تیار ہے۔