سوئی کو گیس نہ ملی تو استعفیٰ دیکر بندوق اٹھالوں گا – سرفراز بگٹی

332

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سرفراز بگٹی نے پی پی ایل حکام سے کہا ہے کہ سوئی کے علاقے کو گیس نہ ملی تو وہ سینیٹ سے استعفیٰ دے دیں گے اور بندوق اٹھانی پڑی تو سب سے پہلے آپ لوگوں پر اٹھاؤں گا ۔

سینیٹرمحسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے رکن سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی میں جہاں گیس ہے وہاں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: قلات سے گیس کے نئے ذخائر دریافت

انہوں نے کہا کہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ آج بھی سوئی میں ہماری خواتین لکڑیاں جلاتی ہیں، اگر یہاں گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی گئی تو وہ پارلیمنٹ میں ہی احتجاج شروع کر دیں گے۔

سرفراز بگٹی نے اجلاس میں پی پی ایل حکام سے کہا کہ سوئی کو گیس نہ ملی تو وہ سینیٹ سے استعفیٰ دے کر ان کی ناک کاٹیں گے، جبکہ ہمیں محب وطن نہ ہونے کا طعنہ بھی دیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: سبی : تلی میں گیس کی تلاش کا کام شروع

خیال رہے گذشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ’’سوئی کو گیس فراہم کرو‘‘ کے ہیش ٹیگ کیساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے کمپئین چلائی گئی تھی جبکہ اس سے قبل ’’سوئی کو میڈیکل کالج دوں‘‘ کے ہیش ٹیگ کیساتھ کپمئین چلائی گئی تھی جو پاکستان میں ٹرینڈ کرگیا تھا۔