بلوچستان: مکران ڈویژن میں موسلادھار بارش، عوام کو مشکلات کا سامنا

778

بلوچستان کے مکران ڈویژن کے کئی علاقوں میں گذشتہ روز سے جاری بارش کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

تحصیل تمپ و مند میں اٹھارہ گھنٹوں کی طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، ندی نالوں میں سیلابی منظر، مال مویشیوں کو پانی بہہ کر لے گیا۔

اطلاعات کے مطابق دازن میں صحافی حاجی مسلم یعقوب کے سو فٹ کا چاردیواری، ایک مکان جبکہ تمپ میں غفار نامی شخص کے مکانات، اکبر اور علی دازنی کے گھر سمیت دیگر افراد کے چاردیواری اور کچے مکانات گرگئے ہیں۔

ادھر پاکستان ایران سرحدی علاقے اسپی کہن کے مقام پر متعدد ڈیزل سے لوڈ گاڑیاں سیلابی پانی کے باعث پھنس گئے، اسی طرح ماشکیل میں بُگ کے مقام پر گذشتہ رات سے پھنسے تیل بردار گاڑیوں اور مسافروں کو آج ریسکیو کیا گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گومازی پل کے باعث چھ دیہاتوں اور دیگر علاقوں کا رابطہ کٹ گیا ہے جبکہ نہنگ ندی میں سیلابی پانی کا ریلہ رات کو آ پہنچا، رودبن نہنگ پل بہہ جانے سے تمپ اور مند کا زمینی رابطہ کراچی اور تربت سے منقطع ہوگیا ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث شہروں سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے گومازی، بالیچاہ فیڈروں کی بجلی معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق گومازی، ملانٹ، دازن، میرآباد، رودبن، تمپ، کورجو، پھل آباد سمیت کئی مقامات پر طوفانی بارش سے فصلیں تباہ ہوچکی ہے۔

ضلع گوادر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تحصیل اورماڑہ اور قریبی علاقوں میں 45 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواوں سے شہر میں تباہی کا منظر ہے، سمندر کنارے کئی کشتیوں اور سپیڈ بوٹس کو نقصان پہنچا ہے۔

علاقہ مکین صبح چار بجے سے شروع ہونے والی ہواوں اور شدید بارش سے گھروں میں محسور ہوچکے ہیں علاقے میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی شدید متاثر ہوچکی ہے۔