بلوچستان: موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی میں اضافہ

1132

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں برف باری کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔

موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد وادی کوئٹہ نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ شہر میں ایک انچ جبکہ نواحی علاقوں میں دو سے تین انچ تک برف پڑی ہے۔ شہری بھی برف باری کو انجوائے کرنے کیلئے گھروں سے نکلے اور خوب سلفیاں بناتے رہے۔

برف باری کے بعد سخت سردی سے شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس غائب ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کےشمال مغربی علاقوں میں آئندہ ہفتے کے دوران مزید بارشوں اور برف باری کا امکان ہے۔

ادھر چمن شہر اور گردونواح میں آج بروز جمعرات کی صبح ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ژالہ باری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ موسم مزید سرد ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور سورج کی بھی آنکھ مچولی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج پہاڑوں پر برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے جس سے موسم مزید سرد ہونے کا قوی امکان ہے۔