بلوچستان: قلات سے گیس کے نئے ذخائر دریافت

269
File Photo

بلوچستان اور سندھ سے گیس کے ذخائر دریافت ہوگئے۔ گیس کا ذخیرہ بلوچستان کے ضلع قلات جبکہ سندھ کے ضلع خیرپور میں ملا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گیس کے ذخائر بلوچستان کے ضلع قلات اور سندھ کے ضلع خیرپورسے ملے ہیں، جہاں لاکھوں کیوبک فٹ گیس نکل رہی ہے۔

تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق قلات کے علاقے میں یہ پہلی دریافت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج کے مطابق قلات سے ایک کروڑ 7 لاکھ کیوبک فٹ گیس نکل رہی ہے جبکہ خیرپور سے 2 کروڑ 86 لاکھ مکعب فٹ گیس نکل رہی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: سبی کے علاقے تلی میں گیس کی تلاش کا کام شروع

خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیل و گیس سمیت دیگر وسائل پائے جاتے ہیں جبکہ بلوچ سیاسی سماجی حلقوں کی جانب سے وسائل پر اختیارات نہ دینے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

بلوچستان میں گیس و تیل تلاش کرنے والی کمپنیوں سمیت دیگر تعمیراتی کمپنیوں پر حملوں کا سلسلہ گذشتہ دو دہائی سے جاری ہے، 2006 میں نواب اکبر خان بگٹی کے شہادت کے بعد ڈیرہ بگٹی و دیگر اضلاع میں گیس، تیل اور دیگر تنصیبات پر حملوں میں شدت دیکھنے میں آئی تھی۔

سی پیک کو بلوچ سیاسی و عسکری حلقوں کی جانب سے استحصالی منصوبہ قرار دیا جاچکا ہے جس کے ردعمل میں سیاسی حلقوں کی جانب سے اندرون و بیرون ملک مختلف فورمز پر احتجاج کرنے سمیت بلوچ مسلح آزادی پسند جماعتوں کی جانب سے سی پیک و دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔