اسمارٹ فون کا استعمال نشہ جیسی صورتحال اختیار کرگیا ہے – رپورٹ

153

نوجوانوں کی تقریباً ایک چوتھائی تعداد اسمارٹ فونز پر اس قدر انحصار کرتی ہے کہ اسے نشے یا لت لگنے کا نام دیا جا سکتا ہے۔

ایک نئی تحقیق کے بعد نفسیاتی ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اسمارٹ فونز کی لت پڑنے کے بعد نوجوانوں میں کم خوابی، ڈیریشن اور کئی دوسری طرح کے نفسیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

لندن کے کنگز کالج کے تحت ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نشے جیسے طرز عمل کا مطلب یہ ہے اگر ان لوگوں کو اسمارٹ فون استعمال کرنے سے روکا جائے تو وہ پریشان اور خوف زدہ ہو جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، اسمارٹ فون کا نشہ لگ جانے کے بعد نوجوان اس پر کنٹرول نہیں کر سکتے کہ انہیں فون پر کتنا وقت صرف کرنا چاہیے اور وہ زیادہ تر اس کی چھوٹی سکرین میں غرق رہتے ہیں۔

اس تحقیقی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس طرح کی لت لگنے سے دماغی صحت کے لیے سنگین نوعیت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

سائنسی جریدے ‘بی ایم سی سائکیاٹری’ میں شائع ہونے والی ریسرچ اسمارٹ فونز کے استعمال کے بارے 42000 نوجوانوں سے متعلق ہے جن سے 41 مطالعاتی جائزوں میں رابطے کرکے جوابات اکھٹے کیے گئے تھے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق، 23 فی صد نوجوانوں کا رویہ نشے کے دائرے میں آتا ہے اور جب انہیں اسمارٹ فون نہیں ملتا تو ان پر پریشانی طاری ہو جاتی ہے اور ان کی ذہنی حالت اس قابل نہیں ہوتی کہ وہ اسمارٹ فون پر صرف کیے جانے والے وقت کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال کر سکیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے رویے کو دوسرے مسائل سے جوڑا جا سکتا ہے، مثال کے طور پر ذہنی دباؤ، ڈیپریشن، مزاج کی خرابی، نیند کا نہ آنا، اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں عدم دلچسپی اور تعلیمی پروگریس کا خراب ہونا وغیرہ شامل ہیں۔

کنگز کالج لندن کے شعبہ نفسیات اور رپورٹ کے ایک مصنف نکولا کالک کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فونز ہمارے پاس رہیں گے اس لیے اس کے بے دریغ استعمال سے جنم لینے والے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے، تاکہ ان پر قابو پایا جا سکے۔

ڈاکٹرکالک کا کہنا تھا کہ فی الحال ہمیں یہ معلوم نہیں ہے کہ مسئلہ اسمارٹ فون میں ہے یا اس میں استعمال کیے جانے والے اپیس کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہے اسمارٹ فون ہو یا اس کی اپیلی کیشنز، بات ایک ہی ہے اور والدین کو یہ جانے کی ضرورت ہے کہ ان کے نوعمر بچے اپنا کتنا وقت اسمارٹ فون پر صرف کرتے ہیں۔

ریسرچ کے شریک مصنف سمنتھا سون نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اسمارٹ فون کے مسلسل طویل وقت تک استعمال سے دماغی بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں، جس سے ان کے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔