نصیر آباد: فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جانبحق

101

نصیر آباد کے تحصیل تمبو میں پیش آنے والے فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جانبحق ہوگئے، ضروری کاروائی کے بعد دونوں افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تمبو کے علاقے میں پرانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ سے خاتون جانبحق ہوگئی جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پولیس تھانہ خان کوٹ کی حدود گوٹھ دلمراد عمرانی میں نامعلوم مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے مسمات گل بانو کو قتل کردیا، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لی اور ضروری کاروائی کے لئے سیول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچادیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثہ کے حوالے کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید کاروائی خان کوٹ پولیس نے شروع کردی ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔

دریں اثنا تمبو ہی کے علاقے منجھوشوری میں نوجوان نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر فائرنگ کرکے خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق پولیس تھانہ منجھوشوری کی حدود گوٹھ مختیار بلیدی میں نوجوان مظفر بلیدی نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر خودکشی کرلی۔

نوجوان کے لاش کو پولیس حکام نے تحویل میں لیکر ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا جبکہ تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔