سیندک پراجیکٹ ملازمین برطرفی کیخلاف احتجاج

345

سِیندک پراجیکٹ سے نکالے گئے ملازمین نے احتجاجاً تفتان آر سی ڈی شاہراہ کو بلاک کردیا۔

سیندک پراجیکٹ کے وسائل کے مالک ہیں اپنی ہی سرزمین کے وسائل پر ہمیں بے دخل کیا جارہا ہے اپنے حق کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، بلوچستان کی قوم دوست سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی ہمارا ساتھ دے۔ چاغی اور نوشکی سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی میڈیا سے بات چیت

سیندک پراجیکٹ کے ملازمین کے برطرفی کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری، ملازمین کے مطابق پراجیکٹ آفیسر بلاوجہ ملازمین کو برطرف کررہے ہیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی تحصیل نوکنڈی تفتان نے سیندک پروجیکٹ کے جبری طور ملازمین کو نکالنے پر ان کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق ہر فورم پر بلوچ ملازمین کے ساتھ ہیں، بلوچستان نیشنل پارٹی کے عہدیداران، کارکنان اور ہمدرد برطرف کیے گئے ملازمین کے احتجاج و مظاہرے میں ان کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے سیندک پراجیکٹ کے ملازمین اس سے قبل بھی تنخواہوں میں کمی، خوراک اور صفائی کی ابتر صورتحال اور دیگر مسائل کے باعث احتجاج کرچکے ہیں جبکہ موثر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث ملازمین میں شوگر، ہائی بلڈ پریشر، ہیپاٹائٹس، امراض قلب، السر سمیت دیگر بیماریاں عام ہونے کی شکایات رپورٹ ہوچکی ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے سیندک پراجیکٹ میں مقامی ملازم و مزدور رہنماء کی بلاجواز گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیندک پراجیکٹ انتظامیہ اپنی کرپشن، نااہلی کو چھپانے اور مقامی ملازمین کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنے کے لئے مقامی ملازمین کو دھونس دھمکیوں سے مرعوب کرنے میں ناکامی کے بعد اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے اور مروجہ اصولوں کے مطابق اپنی جائز حق کا مطالبہ کرنے پر بلاجواز و جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے ملازم کش پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

احتجاجی ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کمیٹی کے سربراہ کو بحال کرکے ہمارے خدشات دور کیے جائے اور ملازمین کے ساتھ کیے جانیوالے معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنائی جائے بصورت دیگر احتجاجاً پراجیکٹ کے تمام شعبے بند کردیں گے۔