بلوچستان کیلئے راہداریاں بند، غیروں کیلئے کھل گئی ہے – لشکری رئیسانی

331

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری ایک ہی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد میں موثر رابطے کا ذریعہ ہے،بلوچستان کیلئے راہداریاں بند کرکے غیروں سے رشتے استوار کئے جارہے ہیں۔

سراوان ہاؤس کوئٹہ میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ ایسے رابطے گلوبل دنیا میں یورپی یونین کی شکل میں ہوئے ہیں،70سالوں سے ہمیں یہ بتایا جاتارہا ہے اوربتایا جارہا ہے کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اس کیلئے تو راہداری کھول دی گئی مگر بلوچستان کیلئے تعلیم، معاشی، ترقی، سیاسی آزادی، امن کے راستے بند کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی تھی کہ ریاست کے اندر جو محرومیاں ہیں ان کو ختم کرنے کیلئے بھی ریاست اتنی ہی کوششیں کرتی جتنا غیروں کے ساتھ رشتہ استوار کرنے کیلئے کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کیلئے راہداریاں بند کردی گئیں پہلے تو بلوچستان میں احساس محرومی تھا مگر اس عمل سے احساس بیگانگی پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی کارکنوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اپنے گروہی اختلافات کوختم کرکے اپنی قومی حیثیت بحال کرنے کیلئے ایک سیاسی قومی جدوجہد کی جانب بڑھیں تاکہ جس ملک میں ہم رہتے ہیں وہاں بلوچستان کے لوگوں کے وقار اور عزت کی جانب توجہ دی جائے۔