بلوچستان: رواں برس 79 ٹن منشیات پکڑی گئی

127

اینٹی نارکوٹیکس فورس بلوچستان نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس 93 کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی 79 ٹن منشیات برآمد کرکے 26 ملزمان کو گرفتار کیا۔

اے این ایف حکام کے دعوے کیمطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں رواں برس اب تک 93 کارروائیاں کی گئی ہیں جس میں کروڑوں روپے مالیت کی 79 ٹن کی مختلف نوعیت کی منشیات پکڑی گئیں جبکہ کارروائیوں میں 26 ملزمان گرفتار کرکے انسداد منشیات قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

پکڑی گئی منشیات میں 61 ٹن چرس، 6 ٹن افیون اور 500 کلو سے زائد ہیروئن، 3 ٹن مارفین اور 500 کلو گرام سے زائد کرسٹل شامل ہے۔

حکام کے مطابق قلعہ عبداللہ، دکی، لورالائی اور جھل مگسی میں 188 ایکڑ پر کاشت کی گئی پوست کی فصل کو تلف بھی کیا گیا جبکہ قلعہ عبداللہ کے علاقوں گلستان اور چمن میں بھنگ کی فصل کو تلف کرنے کےلیے آپریشن جاری ہے۔

اے این ایف حکام کے مطابق بلوچستان میں رواں برس انسداد منشیات سے متعلق آگاہی کےلیے مختلف سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔