بلوچستان: جیونی سے عظیم الجثہ وہیل مردہ حالت میں مل گئی

335
تصویر: ڈبلیو ڈبلیو ایف

ماحولیات کے بقا کے لیے کام کرنے والے ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق 31 فٹ لمبی وہیل کی ہلاکت ماہی گیروں کی جانب سے بچھائے گئے ایک جال میں پھنسنے کے باعث واقع ہوئی ہے۔ اس کی باقیات جیونی کے علاقے گنز سے ملی ہیں۔

تنظیم کے ٹیکنیکل مشیر محمد معظم نے بی بی سی کو بتایا کہ 26 نومبر کو انھیں اطلاع ملی تھی کہ ماہی گیروں کے جال میں وہیل پھنسی ہے۔ ماہی گیروں نے اس نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن دیو ہیکل وہیل بپھری ہوئی تھی اس لیے انھیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ٹیم بھی اس وہیل کی تلاش میں گئی لیکن اس کا پتا نہیں چل سکا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اپنا سرچ آپریشن جاری رکھا اور جمعہ کے روز یہ وہیل پہاڑی ٹیلوں میں مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔ مردہ وہیل کی تصاویر سے پتا چلا کہ یہ برائیڈس وہیل ہے۔

محمد معظم کے مطابق پاکستان کی سمندری حدود میں بحیرہ عرب میں تین اقسام کی وہیلز پائی جاتی ہیں جن میں برائیڈس کے علاوہ بلیو وہیلز اور عربین وہیل شامل ہیں۔

وہیل اینڈ ڈولفن کنزویشن تنظیم کے مطابق یہ وہیل بحرالکاہل، بحر اوقیانوس اور بحیرہ عرب میں پائی جاتی ہے، یہ وہیل زیادہ تر وقت اکیلے یا جوڑے کی شکل میں رہتی ہے اور انھیں فیڈنگ کرتے ہوئے غول کی صورت میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم اس قسم کی وہیل کی رفتار انتہائی سست ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق وہیلز دنیا کے تمام سمندروں میں سفر کرتی ہیں اور ایک پراثرار آواز پیدا کرتی ہیں، سمندر میں رہنے کے باوجود یہ سانس لیتی ہیں اور انسانوں کی طرح گرم خون والی ممالیہ ہیں۔

محمد معظم نے بی بی سی کو بتایا کہ ہر سال وہیل کی ہلاکت کے ایک سے زائد واقعات پیش آتے ہیں۔ وہیل کی اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں جال میں پھنسنا اور جہازوں سے ٹکرانا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے ماہی گیروں کو تربیت فراہم کی گئی ہے کہ اگر کوئی وہیل جال میں پھنس جائے تو اس کو کس طرح محفوظ طریقے سے نکالا جائے۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں جال میں پھنس جانے والی چھ وہیلز کو بروقت کارروائی کر کے بچایا گیا ہے۔

وہیلز انتہائی نایاب ہیں اور بہت کم نظر آتی ہیں اور اگر ایک کی بھی ہلاکت ہو جائے تو یہ کسی بڑے نقصان سے کم نہیں۔

سندھ اور بلوچستان حکومت نے وہیل اور شارک کے شکار پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ محمد معظم کے مطابق ماہی گیر جان بوجھ کر اتنے بڑے جانور کا شکار نہیں کرتے لیکن حادثاتی طور پر یہ جال میں پھنس جاتی ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہیل اور شارک کے بقا کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔