کوئٹہ، مزید 2 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق

114

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مزید دو افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 1900 ہوچکی ہے۔

فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر نور موسی خیل کے مطابق دو نئے مریض اسپتال میں داخل کرادیے گئے ہیں اور ٹیسٹ کے بعد دونوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ڈینگی سے متاثرہ دونوں مریضوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے جو کراچی سے سفر کرکے 2 روز قبل کوئٹہ پہنچے۔

رواں ماہ کوئٹہ میں ڈینگی وائرس کے آٹھ مریض فا ظمہ جناح اسپتال میں داخل ہو چکے ہیں۔ بلوچستان بھر سے 2900 سے زائد افراد کو ڈینگی کے شبے میں مختلف اسپتالوں میں لایا گیا جن میں سے 1900 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے زیادہ کیسز ساحلی پٹی اور لسبیلہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔