ٹویئٹر کی اپنے صارفین سے معذرت

228

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر نے اعتراف کیا ہے کہ سیکورٹی مقاصد کے لیے محفوظ شدہ بعض صارفین کا ڈیٹا اشتہارات کے لیے استعمال ہوا ہے۔

اپنے بلاگ پوسٹ میں ٹویئٹر انتظامیہ نے ان صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غلطی تھی جسے دور کر دیا گیا ہے۔

ٹوئیٹر انتظامیہ کے مطابق صارفین ٹوئیٹر اکاؤنٹ بناتے وقت اپنا ای میل ایڈریس اور فون نمبرز درج کرتے ہیں اور یہ ڈیٹا سیکورٹی مقاصد کے لیے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔

ٹوئیٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ خامی 17 ستمبر کو دور کر لی گئی تھی۔ تاہم کتنے صارفین کا ڈیٹا استعمال ہوا ٹوئیٹر نے اس حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ٹوئیٹر اور فیس بک انتظامیہ کو عالمی سطح پر وقتاً فوقتاً اس تنقید کا سامنا رہتا ہے کہ وہ صارفین کا ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات کرتے ہیں۔

ٹوئیٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اشتہاری کمپنیاں جب اپنی مارکیٹنگ فہرست جاری کرتی ہیں تو ایسا ممکن ہے کہ بعض ٹوئٹر صارفین کے ٹیلی فون نمبرز اور ای میل ایڈریس اس سے مماثلت رکھتے ہوں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صارفین کے فون نمبرز اور ای میل ایڈریس کسی دوسری کمپنی یا ادارے کو دانستہ طور پر فراہم نہیں کیے گئے تھے۔ لیکن بعض صارفین کو یہ اشتہارات موصول ہو گئے تاہم آئندہ ایسی غلطی کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔