محمد حسین کے خدمات سنہرے الفاظ میں لکھے جائیں گے – ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ

492

بلوچ آزادی پسند رہنما ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے بلوچ نیشنل موومنٹ کے بزرگ رہنما واجہ محمد حسین بلوچ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچ قومی تحریک آزادی کا ایک بزرگ اور شفیق رہنما ہم سے جدا ہوگیا ہے۔ یہ ایک قومی سانحہ ہے۔ میں واجہ کو ان کی طویل جدوجہد اور قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے کہا کہ واجہ محمد حسین بلوچ قومی تحریک آزادی کے موجودہ ابھار کے اولین رہنماؤں میں سے ایک تھے۔ اس تحریک میں انہوں نے نمایاں خدمات سرانجام دیئے۔ وہ چیئرمین غلام محمد بلوچ کے بااعتماد ساتھی تھے اور بلوچ نیشنل موومنٹ کے موجودہ تشکیل میں ان کا کردار تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ موجودہ دور میں تحریک کے بزرگ ترین رہنما تھے۔

انہوں نے کہا کہ واجہ محمد حسین بلوچ نے نہ صرف اپنی پوری زندگی بلوچ قومی تحریک آزادی کے لئے وقف کر رکھی تھی بلکہ ان کا خاندان بھی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ تھا۔ ان کے دو جوان فرزند جدوجہد آزادی کے سفر میں شہید ہوئیں اور بیٹیاں آج بھی متحرک اور سرگرم کردار نبھا رہی ہیں۔

ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے کہا کہ بلوچ تاریخ میں قومی آزادی کے لئے واجہ کی خدمات سنہرے الفاظ میں لکھے جائیں گے۔ بلوچ قوم انہیں آزادی کے جدوجہد میں ایک ایسے رہنما کے طور پر یاد رکھے گا جنہوں نے دشمن کے تمام مظالم کے باوجود سچائی کا ساتھ دیا۔ آزادی کے لئے اپنے فرزند قربان کئے۔ دربدری اور ناقابل بیان تکالیف سہے لیکن ان کے کمر میں خم نہیں آئی۔ دشمن کی بربریت، پیرانہ سالی اورمختلف تکالیف اس بہادر انسان کے حوصلوں میں کمی لانے میں ناکام رہے۔ وہ ایک حوصلہ مند انسان کی طرح جئے اور اپنی موت تک تکالیف کا مقابلہ کرتے ہوئے انمٹ نقوش چھوڑ گئے۔