شدید مظاہروں کے بعد لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری مستعفی

225

لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عہدے آتے جاتے رہتے ہیں لیکن عزت اور ملک کا تحفظ اہم ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہا کہ تیرہ روز سے لبنان کی عوام معاشی بحران کو روکنے کے لیے فیصلوں کی منتظر ہے، اور میں نے اس عرصے کے دوران راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے جس کے ذریعے عوام کی آواز سنی جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس بحران کے اثرات کا سامنا کریں، میں اس وقت اپنا استعفیٰ دینے کے لیے صدارتی محل میں ہوں۔

انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کے شراکت داروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کیسے لبنان کی حفاظت کریں اور اس کی معیشت کو بحال کریں۔

خیال رہے کہ بیروت میں حکومت مخالف مظاہروں کے احتجاجی کیمپ پر گزشتہ روز حزب اللہ اور امل تنظیموں کے گروہ نے حملہ کرکے تباہ کردیا تھا۔

ڈنڈوں اور پائپ ہاتھوں میں لیے افراد نے ملک میں جاری ریلیوں کے مرکز کو تباہ کیا۔