رحیم یار خان : ٹرین میں آگ لگنے سے 16 افراد جانبحق 30 زخمی

225
تیز گام ایکسپریس

 رحیم یار خان کے قریب تلواری اسٹیشن پر تیز گام ایکسپریس کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، حادثے میں 16 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

 پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گاڑی میں آگ گیس کا چولہا پھٹنے سے لگی، آگ نے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، 16 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، 2 گھنٹے میں ٹریک کھول دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا تبلیغی جماعت کے کچھ افراد سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے، آگ بجھا دی گئی ہے، مسافروں کو لیاقت پور پہنچا دیا گیا۔ آگ 3، 4 ،5 نمبر بوگی میں لگی، متاثرہ بوگیوں میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے۔

ادھر رحیم یار خان حادثے کے بعد لاہور جانے والی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنز پر روک لیا گیا، خیبر میل کو صادق آباد، گرین لائن کو ترنڈہ سوائے خان روکا گیا، بہاء الدین زکریا ایکسپریس خانپور، سر سید ایکسپریس سہجہ اسٹیشن، شاہ حسین ایکسپریس لیاقت پور سٹیشن پر موجود ہیں۔

عمران خان وزیر اعظم پاکستان  نے رحیم یار خان کے قریب تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا عمران خان نے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے پاکستان ریلوے میں حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، گذشتہ ایک سال میں ریکارڈ 80 ٹرین حادثات ہوچکے ہیں، ریلوے ریکارڈ کے مطابق جولائی 2018ء سے جولائی 2019ء تک چھوٹے بڑے 80 کے قریب ٹرین حادثے ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ جون میں 20 حادثات ہوئے جس میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، یکم جون کو لاہور یارڈ میں ریلیف ٹرین ڈی ریل ہوگئی۔ 3 جون کو عید سپیشل ٹرین لالہ موسی سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔

5 جون کو فیصل آباد اسٹیشن کے قریب شاہ حسین ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، 5 جون کو ہی کراچی ڈویژن میں کینٹر ٹرین کو حادثہ پیش آیا اور تھل ایکسپریس کی 5 بوگیاں کندھ کوٹ کے قریب پٹڑی سے اترگئیں۔ 20 جون کو حیدرآباد سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔

18 جون کو ملتان ڈویژن میں ہڑپہ سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس ٹرین کی ڈائننگ کار کو آگ لگ گئی، 22 جون کو لاہور ریلوے سٹیشن کے یارڈ میں کراچی جانے والی تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

11 جولائی 2019 کو صادق آباد کے قریب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے اور مسافر ٹرین کا انجن اور کئی بوگیاں تباہ ہوگئیں۔