ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن بلوچستان نے خیبر پختونخوا میں حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف سول ہسپتال کوئٹہ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیاگیا اور مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والے پولیس افسران کوفوری طور پر برطرف کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن بلوچستان نے خیبر پختونخوا کے ڈاکٹروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سول ہسپتال سے کوئٹہ پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی ریلی، مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی احتجاجی ریلی میں پیرامیڈیکس،نرسز سمیت دیگر تنظیمیں بھی شریک تھے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے رہنماؤں کاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی کے نام پرآنے والے حکومت نے ڈاکٹروں کے ساتھ بہت براسلوک کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور ڈاکٹروں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر ڈاکٹروں کیخلاف ہونیوالے کارروائی میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اگر خیبر پختونخوا حکومت نے ڈاکٹروں کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے توپھر ہم سخت احتجاج کرنے پرمجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری خیبرپختونخوا حکومت پرعائد ہوگی۔